کچھ ایسے خلد کماتا ہوں ، نعت کہتا ہوں

کچھ ایسے خلد کماتا ہوں ، نعت کہتا ہوں

 کچھ ایسے خلد کماتا ہوں ، نعت کہتا ہوں

گہر ثناء کے لٹاتا ہوں ، نعت کہتا ہوں


نوازے جاتے ہیں پیہم مرے کریم مجھے

کرم سمیٹتا جاتا ہوں ، نعت کہتا ہوں


میں گلستانِ تخیل سے پھول چن چن کر

انہیں حروف بناتا ہوں ، نعت کہتا ہوں


سبھی کو آرزو ہوتی ہے گھر سجانے کی

میں اپنی قبر سجاتا ہوں ، نعت کہتا ہوں


مرا قبیلہ ءِ حساں سے جو تعلق ہے

ہمیشہ اس کو نبھاتا ہوں ، نعت کہتا ہوں


مری نجات کی خاطر یہ بات کافی ہے 

نبی کی نعت سناتا ہوں ، نعت کہتا ہوں


مجازی عشق سے جب جب لڑائی ہوتی ہے

قمر میں اس کو ہراتا ہوں ، نعت کہتا ہوں


صلی اللہ علیہ والہ وسلم


قمرآسی