اچھا ہوں یا خراب؟ مرے ساتھ چل کے دیکھ   

مل جائے گا جواب ، مرے ساتھ چل کے دیکھ


کب کون کس مقام پہ تجھ سے بچھڑ گیا ۔ ۔ ۔

اب  چھوڑ یہ حساب ، مرے ساتھ چل کے دیکھ


تاروں کی بزم میں ترے  چرچے ہیں کس قدر

آ رشکِ ماہتاب ، مرے ساتھ چل کے دیکھ


کس واسطے یہ بے رخی؟ کیسا یہ احتراز ؟

مت کر یوں  اجتناب، مرے ساتھ چل کے دیکھ


کرتے ہیں کیسے تبصرے تجھ پر چمن کے پھول

اک روز اے گلاب ، مرے ساتھ چل کے دیکھ


اے یار ! زندگی میں یوں بھٹکے گا کب تلک؟

کر میرا انتخاب ، مرے ساتھ چل کے دیکھ


صحرا ترے ظہور کا ہے کب سے منتظر

اک بار اے سحاب !! مرے ساتھ چل کے دیکھ


چل چھوڑ اب یہ وسوسے ، کر ختم بے دلی

اے حسنِ لاجواب ! مرے ساتھ چل کے دیکھ


تیری تمام مشکلوں کا حل ہے ، یہ ذکی !

ٹل جائیں گے عذاب ، مرے ساتھ چل کے دیکھ۔۔!

@everyone